ہفتہ, اگست 2

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قومی اتحاد اور سول ملٹری ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، کور کمانڈر ملتان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی جس پر فیلڈ مارشل نے تیاری کے اعلیٰ معیار پر اظہارِ اطمینان کیا، جوانوں کے غیر معمولی حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی مہارت کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملتان چھاؤنی میں ممتاز ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کی اور قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مکمل قومی حکمتِ عملی کی اہمیت پر زور دیا۔فوجی دستوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے، پاک فوج بدلتے ہوئے جنگی ماحول میں بھی فیصلہ کن برتری برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے پاک فوج کی جانب سے جاری تربیتی سرگرمیوں کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تیاری دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version