وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ جلسے 2028میں کریں گے،ابھی وعدے پورے کرنے کیلئے محنت کا وقت ہے۔ عوام مہنگائی میں کمی اور اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔
ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جلسوں کے بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے، انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کوترجیح دی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔ عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف امریکا روانگی سے قبل مختصر دورہ پر لندن پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہبازشریف کل سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات سمیت دیرینہ مسائل کے حل پر زور دیں گے۔
وزیراعظم کے دورہ امریکا کا شیڈول سامنے آگیا، شہبازشریف کل سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، شہباز شریف اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔
وزیراعظم متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے بیٹھک جمے گی ۔ وزیراعظم کئی اعلیٰ سطح کی میٹنگز میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم امن، سلامتی، خوشحالی کیلئے یواین کردار کی حمایت کااعادہ کریں گے، وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے پرزور دیں گے۔ وزیراعظم بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کریں گے، وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات پرزوردیں گے۔