اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے وہ لوگ ہیں جن کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، یہ آئی ایم ایف کی ڈیل اس لیے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کہ تاکہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ معیشت کی بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں بلوم برگ کی اسٹوری آئی پوری دنیا اس پر بات کررہی ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیرون ملک شرپسند مظاہرے کرتے ہیں، شرپسند جماعت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے، ایک جماعت آئی ایم ایف سے کہہ رہی ہے کہ اس کے سیاسی لیڈر کو رہا کیا جائے تو تب پاکستان کو امداد دی جائے، ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر بیٹھ کر احتجاج کر رہی رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو برانڈڈ جوتیاں اور برانڈڈ بیگ پہن کر پاکستان کے عوام کی امداد بند کرنے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، یہ آئی ایم ایف کی ڈیل اس لئے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کہ ان کا خواب ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انشااللہ پاکستان ترقی کرے گا، شرح نمو میں اضافہ ہوگا، یہ ملک آج شہیدوں، غازیوں اور سیاستدانوں کی قربانیوں سے قائم و دائم ہے، ملک دشمن عناصر کی گھنانی سازشوں کا آئی ایم ایف ڈیل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Leave A Reply

Exit mobile version