امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمن کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی کراچی کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر الیکشن کمیشن جماعت اسلامی اور ونائب امیر راشدنسیم نے ان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے نئے امیر ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 1941 سے ہر 5 سال بعد انتخاب ہوتے ہیں، یہ جماعت اسلامی کا مسلسل 19 واں انتخاب ہے، جماعت اسلامی کے انتخابات کی امارت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کسی مخصوص علاقے کی جماعت نہیں ہے، شوری نے 3 نام امیر تجویز کیے تھے لیکن اس کے ساتھ کارکن آزاد ہیں وہ کسی اور کو بھی ووٹ دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 19 فروری سے بیلٹ کی تقسیم کا کام شروع ہوگیا تھا، 45 ہزار 8 سو 21 ارکان کو بیلٹ تقیسم کیے گئے، 82 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امیر کے انتخاب کے لیے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمن شامل تھے۔قبل ازیں ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی، امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ پانچ سال کے لیے کیا گیا ہے، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے۔قیصر شریف نے بتایا تھا کہ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا، امیر جماعت کے لیے تین ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمن شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے تھے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔قیصر شریف نے بتایا کہ سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر تھے۔

Leave A Reply

Exit mobile version