جمعہ, دسمبر 13

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا، اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، مزید طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
بعد ازاں سعودی وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے کیا اور سعودی وزیرِ خارجہ نے پاک سعودیہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version