اتوار, دسمبر 15

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے 9 مئی کے حوالے سے عام معافی کا مطالبہ کردیا۔ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مذاکرات کے لیے تیار ہیں، آئیں عام معافی کا اعلان کر کے آگے بڑھتے ہیں، ہم کہتے ہیں 9 مئی یوم سیاہ ہے،جنہوں نے یہ کیا وہ قوم کے مجرم ہیں، پی ٹی آئی قصور وار نکلی تو معافی مانگنے کو تیار ہوں، لیکن بے قصور نکلی تو معافی کون مانگے گا؟
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ دھمکیاں نہیں چلیں گی، راج عوام کا ہے،گورنر راج نہیں چلے گا۔ انتخابات میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، ملک کے محافظوں کو چاہیے کہ ملک کو نااہلوں سے بچا کر پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس دلوائیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے کہہ دیا تھا کہ یہ مجھے جیل میں ڈالیں گے، آج بانی پی ٹی آئی کی ساری باتیں سچ ثابت ہوئیں، میں نے زبان کھولی تو یہ دنیا میں کہیں منہ دکھانے لائق نہیں ہوں گے، 9 مئی سے انہیں موقع ملا کہ یہ ہزاروں لوگوں کے گھروں میں گھسیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے چپ ہیں، 9 مئی کو ایک سال ہوگیا، ہمارے پاس سب کے خلاف ثبوت موجود ہیں، ہمیں پٹیاں پڑھانے کے بجائے اپنی اصلاح کریں۔
علی امین نے اپنی تقریر کا اختتام "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد” کے نعرے سے کیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version