اتوار, دسمبر 15

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں تلخ کلامی کے معاملے پر طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل سے معافی مانگ لی، انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے الفاظ پر افسوس ہے اور میں زرتاج گل سے معافی مانگتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق زرتاج گل نے طارق بشیر چیمہ کی معافی قبول کرلی، اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے دونوں کے درمیان معاملہ ختم کر ایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا، پی ٹی آئی اراکین سمیت تمام فریقین نے اسپیکر کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ہماری بہن زرتاج گل کو دھمکی آمیز الفاظ کاسامنا کرنا پڑا تمام جماعتوں نے ایک آواز میں کہا کہ ہم ساتھ ہیں، خاتون کے ساتھ یہ نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل سے چیمبر میں معافی مانگی جو نازیبا الفاظ کہے اس پر ان کو آئندہ سیشن کیلئے معطل کر دیا۔
زرتاج گل نے کہا کہ میں بیرسٹر صاحب اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میں باقی تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو میرے ساتھ کھڑے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آج تو خوشی کا دن تھا کہ آج ہم نے اپنے لیڈر کو دیکھا، خواتین کا یہاں تک آنا آسان نہیں ہوتا ہم بھی یہاں محنت سے آتے ہیں خواتین کمزور نہیں اور میں مضبوط خاتون ہوں۔
زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ چل کر آئے تو میں نے معافی قبول کی، میں نے اپنی قیادت کی بات مانی۔

Leave A Reply

Exit mobile version