امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے اعلان کو مسترد کردیا۔
ایک بیان میں حافظ نعیم نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، گزشتہ 23 برسوں میں جتنے آپریشن ہوئے ان سے فائدے کی بجائے نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو امریکا کی نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دھکیلا گیا، اس جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی سویلین اور سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، مغربی سرحد غیرمحفوظ ہوئی، قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پاکستان بیرونی ایجنسیوں کا اکھاڑا بن گیا، افغانستان سے بامعنی مذاکرات کیے جائیں، ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کی جائے، حکومت کو اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزیدکہا کہ یہی بہتر ہے ایسا کوئی بھی فیصلہ نہ ہو جس سے ملک بحران کا شکار ہوجائے، نوجوانوں کو روزگار، تعلیم دی جائے، دہشتگردی کے اسباب کا جائزہ لینا ہوگا۔