ہفتہ, دسمبر 14

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر اراکین کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے خلاف بھرپور قانونی اور سیاسی جنگ کا آغاز کر دیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور چاروں اراکین کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے پر مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی لیگل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
پی ٹی آئی کی لیگل کمیٹی کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف ریفرنس بمعہ ثبوت دائر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی تجویز زیر غور آئی اور ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داری بیرسٹر علی ظفر کو دی گئی ہے۔
اجلاس سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی لیگل کمیٹی کے اجلاس میں شبلی فراز، لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجا اور دیگر وکلا نے شرکت کی تاہم ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ قانونی ٹیم کے ایک اور اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Exit mobile version