جمعرات, نومبر 21

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں اپنی گفتگو میں کہا کہ کہ جب آزادی کی جنگ ہو تو قربانیاں دینا پڑتی ہیں ، ملک میں جمہوریت کا قتل عام ہو رہا ہے، کچھ بھی ہو، اجازت دیں یا نہ دیں ، 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کو مکمل طور پر غلام بنانے جا رہے ہیں ،میں جان قربان کرنے کو تیار ہوں لیکن غلامی قبول نہیں کروں گا کچھ بھی ہو، اجازت دیں یا نہ دیں 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے ۔

بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے سوال اٹھایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی مرضی کے بغیر پارلیمنٹ سے ارکان کو کیسے اٹھایا جا سکتا تھا ؟ آج جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کل ان کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے ایک صحافی نے یاد دلایا کہ آپ کے دور میں بھی تو پارلیمنٹ لاجز میں پولیس داخل ہوئی تھی۔ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کا علم نہیں لیکن پارلیمنٹ سے آج تک کسی کو نہیں اٹھایا گیا ۔

صحافی نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی سے سوال کیا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات کا کیس آپ کے دور میں بنایا گیا تھا ، پی ٹی آئی رہنماؤں نے اُس کیس کوغلط قرار دیا، کیا آپ بھی یہی کہہ رہے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا رانا ثنا اللہ پر کیس اے این ایف نے بنایا تھا ، اے این ایف سربراہ نے کابینہ میں رانا ثنا اللہ سے متعلق ثبوت پیش کئے انہوں نے ہی بتایا کہ منشیات پکڑی ، ہمیں کیا معلوم تھا ۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی کا مزید کہناتھا کہ شہباز شریف ، نوازشریف اور اسحاق ڈار پر تمام کیسز پرانے تھے ،جب صحافی مطیع اللہ جان کو اٹھایا گیا تو میں نے اس کو چھڑایا تھا یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابی فراڈ کو تحفظ دینا چاہتے ہیں ۔ ملک میں جمہوریت نہیں ہے20سے کم سیٹوں والی جماعت کو لایا گیا تو جمہوریت وہیں ختم ہو گئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آج میڈیا پر پابندیاں ہیں ، ججز کو دھمکایا جا رہا ہے پارٹی کو اسٹریٹ موومنٹ کے لئے تیار کر رہے ہیں ، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم آئینی ترمیم پر چپ کرجائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، جو بھی ہوگا اس کے ذمہ دار یہ ہوں گے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی سیاست نہیں بلکہ غلامی کر رہے ہیں ۔ ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی گئی ۔

Leave A Reply

Exit mobile version