رحمت اللعالمین، خاتم النبیین رسول کریم صلی الله علیه وسلم کی ولادت با سعادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ ملک بھر میں درودوسلام کی محافل کاانعقاد اور نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عمارتوں پرچراغاں اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئےخصوصی پلان مرتب کیا گیا۔
شہرشہر عید میلادالنبی کی خوشیاں، چارسُو نور کی برسات، مساجد پر چراغاں، سرکاری اور نجی عمارتیں بھی جگمگانے لگیں۔ عاشقان رسول کے درود و سلام کے نذرانے، آج جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ میلاد مصطفیٰ کی محافل سجیں گی۔ دل منور کیئے جائیں گے۔
صدرمملکت اور وزیراعظم کی امت مسلمہ کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارکباد، وزیراعظم شہبازشریف نے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک انسانیت کےلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ صدر آصف زرداری نے کہا نبی اکرمﷺ کا پیغام محبت، رواداری اور انسانی حقوق کا ضامن ہے۔ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے اسوۂ حسنہ کو زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کی بھی امت مسلمہ کو مبارکباد، کہا آج حقیقی خوشی کا دن ہے۔ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔
سخت سیکیورٹی انتظامات
سندھ میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا ہے جبکہ کراچی میں دو مرکزی جلوس نکالے جائیں گے، پہلا ٹاور سے آرام باغ تک اور دوسرا بولٹن مارکیٹ میں واقع نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکالا جائے گا جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
کراچی میں کل 4ہزار 716 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 15 سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 27 ڈپٹی ایس ایس پیز، 648 این جی اوز اور 3ہزار 735 کانسٹیبل، 51 خواتین اہلکار، 31 پولیس موبائلیں اور 40 موٹر سائیکل پولیس اہلکار شامل ہیں۔
اسلام آباد میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی الله علیه وسلم آج مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ گلی، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، مسجدوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں 2ہزار سے زائد پولیس اہلکار مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت میں نکلنے والے دیگر جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
لاہور میں بھی جشن عید میلادالنبی صلی الله علیه وسلم بھرپور انداز سے منایا جارہا ہے گلیاں اور بازار سج چکے ہیں دن بھر ریلیاں اور پروقار محافل جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں 2ہزار 467 میلاد کی محافل اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں 1ہزار 581 محافل ہوں گی جن کی حفاظت کے لیے پولیس کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار جلوس کے شرکا کی چیکنگ بالخصوص حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔