اسلام آباد (نیوزڈیسک) دفتر خارجہ نے جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے میں ایک پاکستانی کے جاں بحق اور 47 کے بچ جانے کی تصدیق کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق کشتی الٹنے کے واقعہ میں بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی کی بھی تصدیق ہوئی ہے، حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جاں بحق یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ رابطے میں ہے، کوسٹ گارڈ براہ راست تلاش اور بچاؤ آپریشن سے نمٹ رہے ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سفارتخانے کے اہلکار بازیاب کرائے گئے پاکستانیوں سے ملنے کریٹ پہنچ گئے ہیں، سفارت خانے کے اہلکار انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے کریٹ میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے ایک پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، واقعہ میں بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version