جمعہ, دسمبر 27

اسلام آباد: نگراں وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو ملک سے کرپشن، رشوت ستانی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کی یقین دہانی کرادی۔
حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی کے مطابق حکومت نے کرپشن، رشوت ستانی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے جامع اصلاحات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرکے انہیں شفاف بنایا جائے گا۔ کابینہ کی منظوری سے اینٹی کرپشن فریم ورک رپورٹ شائع کی جائے گی جب کہ عوامی نمائندوں اور کابینہ کے ارکان کی جانب سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی معلومات کو پبلک کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق عوام کو عوامی نمائندوں اور کابینہ کے ارکان کی جانب سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی معلومات تک رسائی دی جائے گی۔ بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات اور سزا کے لیے نیب سمیت اداروں کو شفاف اور موثر بنانے کا عزم کیا گیا ہے۔
دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری میرٹ اور تحقیقات کے لیے نیب کے دائرہ اختیار کا تعین کیا جائے گا۔ اینٹی کرپشن ٹاسک فورس مارچ میں اپنی رپورٹ شائع کرے گی۔ ٹاسک فورس میں بین الاقوامی تجربہ اور سول سوسائٹی کے ماہرین شامل ہوں گے۔حکومت نے آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی میں مزید کہا ہے کہ اثاثہ جات کے اعلان اور بینکنگ سسٹم کو بہترین مروجہ عالمی طریقوں کے مطابق لایا جائے گا۔ رپورٹ اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت شائع کی جائے گی۔

Leave A Reply

Exit mobile version