جمعرات, دسمبر 26

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 46 ہزار 65 ہے، حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 27 ہزار 437 ہے جب کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 18 ہزار 437 ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 6 ہزار 40 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب میں 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
سندھ کے 6545 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، 6524 انتہائی حساس اور 5937 پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے 6166 پولنگ سٹیشنز کو حساس، 4143 انتہائی حساس اور 5388 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
بلوچستان کے کل 5 ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 961 کو نارمل قرار دیا گیا ہے جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 2337 اور انتہائی حساس کی تعداد 1730 ہے۔ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے دور دراز کے اضلاع میں بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی ہے۔ بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان پاک فوج کی سخت سیکیورٹی میں پہنچایا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی دور دراز کے اضلاع میں ترسیل 5 فروری تک مکمل کر لی جائے گی۔
راولپنڈی، اٹک اور اسلام آباد میں 6 فروری تک انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی۔
7 فروری کو بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی ترسیل ریٹرننگ افسران اور پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Exit mobile version