اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ قومی نوعیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے وزرائے اعلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں کا فوکس عوامی فلاح، مواصلاتی انفراسٹرکچر کی ترقی، پن بجلی اور آبی ذخائر کی ترقی، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ افرادی قوت بھی ہونی چاہیے۔ ترقیاتی بجٹ میں بالخصوص نوجوانوں کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں صوبوں کی مشاورت کو کلیدی اہمیت دیتی ہے، نگراں حکومت کے مختصر دور میں ملکی ترقی کے اہداف کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی متوقع ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بے شمار معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے ہی ملکی ترقی کا حصول ممکن ہے۔ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version