اتوار, ستمبر 8

بولان: بلوچستان کے علاقے بولان کی مچھ جیل سمیت تین مقامات پر کالعدم تنظیم بی ایل اے نے حملہ کیا۔ جوابی کارروائی میں تمام سات دہشت گرد مارے گئے’ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ریلوے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوگئے
ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے متعدد راکٹ فائر کیے جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بولان میں کم از کم تین مقامات پر حملے کیے گئے جن میں مچھ جیل، ریلوے اسٹیشن اور لیویز پولیس اسٹیشن شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دھماکوں اور فائرنگ سے شہری خوفزدہ ہوگئے جب کہ علاقے کی بجلی اچانک منقطع ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مچھ جیل پر بھی حملہ کیا گیا، فورسز نے بی ایل اے کے دہشت گردوں کی فائرنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا، فورسز کو دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع پہلے سے ہی مل گئی تھی، جس کے بعد اہلکاروں نے دہشت گردوں کے لیے گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو پسپا کردیا گیا اور تمام سات دہشت گرد مارے گئے جس کی تصدیق بلوچستان حکومت نے بھی کردی ہے۔ تین واقعات میں مجموعی طور پر 13شہری زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں نے ریلوے اسٹیشن پر بھی حملہ کیا جہاں راکٹ حملے میں ریلوے پولیس سمیت 2 افراد زخمی اور بعد ازاں ریلوے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بولان کے علاقے مچھ میں آپریشن میں ساتوں دہشت گرد مارے گئے، ان را آپریٹڈ دہشت گردوں کو مارنے کے بعد مچھ میں حتمی کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور علاقے کی صورتحال قابو میں ہے۔ دہشت گردوں کی موت کی تصدیق ان کے ہینڈلرز نے کر دی، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے باوجود ان کا مذموم منصوبہ ناکام ہو گیا۔
قبل ازیں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے مچھ میں دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لیے کیے گئے فوری اقدام کو سراہتے ہیں، جس نے کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ہمارے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ ہماری مسلح افواج نے جانوں کے تحفظ کے لیے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔
ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے کہا ہے کہ مچھ اور کولپور فائرنگ کے 13 زخمیوں کو اب تک ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث تمام ٹرینیں ملتوی کر دی گئیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے، کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل بھی منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ سبی سے ہرنائی ٹرین بھی منسوخ کر دی گئی۔
مچھ جیل کے سپرنٹنڈنٹ جمیل ترین نے کہا ہے کہ حملے میں قیدی اور عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا، سیکیورٹی فورسز جیل کے اطراف میں الرٹ ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ ایک راکٹ جیل پر بھی گرا ہے جس سے جیل کے مین گیٹ اور دیوار کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Leave A Reply

Exit mobile version