ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج قبول کرے، افواج پاکستان اور عدلیہ کو بدنام نہ ہونے دیا جائے، اگر نتائج پر تحفظات ہیں تو متعلقہ فورمز موجود ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ہم پاکستان کے ہمدرد ہیں، ایکس سروس مین سوسائٹی ریٹائرڈ اہلکاروں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، شہدا کے لواحقین کے مسائل کے حل کے لیے ایک فورم ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچے، کسی ایک جماعت کے پاس دو تہائی اکثریت ہو اور وہ پارٹی منشور پر عمل کرے، جو جماعت دو تہائی اکثریت حاصل کرے اسے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ وہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف کو بدنام کرنے کے ایسے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شکایات پر انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، سب کو مل بیٹھنا چاہیے، رانا ثنا اللہ، ن لیگ کے سعد رفیق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، باقی لوگوں میں بھی ہار برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرے، افواج پاکستان اور عدلیہ کو بدنام نہ کیا جائے، اگر نتائج پر تحفظات ہیں تو متعلقہ فورمز موجود ہیں، اگر براہ راست بات نہیں ہوسکتی تو بات بھی ہوسکتی ہے۔ لیڈروں اور اداروں کو یہی مشورہ ہے، ماضی کو بھلا کر آگے بڑھیں۔

Leave A Reply

Exit mobile version