اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے نہ ہو تو آئین میں حل موجود ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری تک بلایا جا سکتا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ میں چند روز باقی ہیں۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ کسی جماعت کے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، پاکستان کا آئین بہت جامع اور مفصل ہے، فرض کریں کہ سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں ہے تو آئین میں اس کا حل ہے۔
فنکاروں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مختلف طریقوں سے عوام کی خدمت کرنے والوں کے لئے آواز بلند کرنی چاہیے، وہ شاعر، موسیقار، فنکار، ڈرامہ نگار جو کروڑ پتی نہ ہوں ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے، ایلیٹ کلب کو بھی ان کی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے، کسی کو ممبر شپ دیتے وقت صرف پیسے ہی نہیں، خدمات کو بھی دیکھنا چاہیے۔

Leave A Reply

Exit mobile version