اتوار, دسمبر 15

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج کیا جائے گا۔صوبائی اسمبلی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہو جائے گا۔ اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کے ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے ملک احمد خان بچھڑ کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کے ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ واضح رہے کہ عددی اعتبار سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا پلڑا بھاری ہے۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے 371 اراکین میں سے 321 نے گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا۔
صوبائی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن 193 ارکان کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ سنی اتحاد کونسل 98 ارکان کے ساتھ ایوان میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر موجود ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے 13 اور مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں ۔ استحکام پاکستان پارٹی کے 5، تحریک لبیک اور مسلم لیگ ضیاالحق کا ایک ایک رکن پنجاب اسمبلی کا رکن ہے ۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ملک محمد احمد خان اور ظہیر اقبال چنڑ کو ایوان میں واضح برتری کی حمایت حاصل ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کو پاکستان پیپلز پارٹی، ق لیگ اور آئی پی پی کے ارکان کی بھی حمایت حاصل ہے۔ مسلم لیگ ن اور اتحادی مجموعی طور پر 223 ارکان کے ساتھ ناقابل شکست برتری لیے ہوئے ہیں ۔

Leave A Reply

Exit mobile version