اتوار, جولائی 6

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نومنتخب رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔شیر افضل مروت نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ بیرسٹر گوہر کو انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے چیئرمین شپ سے اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی۔
شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے ان کی نااہلی اور ناقص کارکردگی ہے، پارٹی آفس کو ہر وقت فعال رکھنے کی ضرورت ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو تین ماہ کا وقت ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے، کارکنوں کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام رہے۔
جس پر پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے بیان سے کشیدگی پیدا ہوئی۔شوکاز نوٹس میں پی ٹی آئی نے شیر افضل کو 2 دن میں معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version