آذربائیجان کے صدر نے اپنے 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیر اعظم معزز مہمان کو اپنے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر لے گئے جہاں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چا ق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آذربائیجان کے صدر نے پریڈ کا معائنہ کیا، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے مہمان صدر کا تعارف کرایا جب کہ آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔
بعد ازاں آذربائیجان کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں آذربائیجان کے صدر 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، پاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہی آذربائیجان کے صدر کے طیارے کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں لے لیا۔
آذرئیجان کے صدر کے طیارے کو پاک فضائیہ کے لڑاکا تیارے اسلام آباد تک حفاظتی حصار میں لے کر آئے، وزیراعظم نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا، بچوں نے آذربائیجان کے صدر کو پھول بھی پیش کیے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے پروٹوکول افسر سے چھتری پکڑ لی، آذربائیجان کے صدر کے لئے شہباز شریف چھتری پکڑے چلتے رہے۔اس موقع پر وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے جب کہ پرتپاک خیر مقدم پر انہوں نے شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
الہام علیوف اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں بھی گئے جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔الہام علیوف کے دورہ پاکستان کے درمیان دونوں ممالک کے مابین مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ صدر الہام علیوف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، آذربائیجان کے صدر اپنے دورے میں پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
منگل کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فریقین دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے، آذربائیجان کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور قیادت کی سطح پر بات چیت کی عکاسی کرتا ہے۔