جمعہ, نومبر 22

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عدت کے دوران نکاح کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرکے انہیں باعزت طور پر بری کردیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے خاور مانیکا کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کی۔
خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل دیے کہ ٹرائل کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہ لانے کا کہا گیا ، اگر گواہ لانا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ، بشری بی بی نے کسی بھی جگہ مفتی سعید کو نہیں کہا کہ میری عدت پوری ہوگئی ہے ، ان کے وکلا نے بار بار کہا کہ بشری بی بی کا بیان حتمی ہوگا ، کدھر ہے وہ بیان جہاں لکھا ہوا کہ بشری بی بی نے عدت کے دوران نکاح نہیں کیا۔
وکیل کہا کہ خاور مانیکا نے تو کسی جگہ نہیں کہا کہ میں فقہ حنفیہ یا شافعی کا ماننے والے ہوں ، میں نے تو مسلمان ہونے کے ناطے شکایت درج کرائی ہے اور اسلام کے مطابق انصاف چاہیے ، پہلا نکاح ہو گیا تھا تو پھر دوسرا نکاح کرنے کی ضرورت پیش کیوں آئی ؟ اس کا مطلب ہے پہلا نکاح فراڈ تھا۔خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل مکمل کرکے سیکشن 496 اور سیکشن 494 میں بھی سزا دینے کی استدعا کردی۔
بشری بی بی کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ 342 کے بیان میں سوال نمبر دو میں بشری بی بی کا بیان موجود ہے، طلاق کے تین سے چار ماہ کے بعد خاور مانیکا نے بھی شادی کرلی اور ان کی چار سال کی بیٹی بھی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جواب الجواب دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک چیز میں نقص ہوسکتا ہے اسے فراڈ نہیں کہہ سکتے، 90 دن کا وقت اس کیس میں غیر متعلقہ ہے، طلاق کا نوٹس خاور مانیکا نے نہیں دیا تو 90 دن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، لیگل نقص تو ہوسکتا ہے اسے فراڈ نہیں کہہ سکتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اپیلوں کو منظور کرکے دونوں کو بری کردیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version