پیر, دسمبر 23

پیرس اولمپکس 2024 کے مقابلے جاری ہیں، 51 سالہ ترک اولمپیئن یوسف دیکیچ نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ڈبلز شوٹنگ مقابلے میں خصوصی لینس کے بجائے نظر کا چشمہ پہن کر چاندی کا تمغہ جیت لیا۔
واضح رہے کہ شوٹنگ مقابلوں میں نشانہ لگانے کے لیے نشانہ باز خصوصی لینس پہنتے ہیں لیکن یوسف دیکیچ نے عام چشمے کے ساتھ مقابلے میں شرکت کی جبکہ ان کے کھڑے ہونے کے دلچسپ انداز کی وجہ سے بھی سوشل میڈیا صارفین ان کی پذیرائی کررہے ہیں۔
اس موقع پر ترک نشانہ باز نے گولی کی آواز سے حفاظت کے لیے پہنے جانے والے ایئر فونز بھی نہیں پہنے تھے۔10 میٹر ایئر پسٹل ڈبلز میں یوسف دیکیچ نے اپنی ساتھی سیوال ایلائدا ترہان کے ساتھ شرکت کی اور دونوں کی جوڑی چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔
یوسف دیکیچ جنہوں نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں ڈیبیو کیا تھا، یہ ان کا 5واں اولمپکس ہے، جبکہ چاندی کا تمغہ ان کا پہلا اولمپک تمغہ ہے۔یوسف دیکیچ کو اپنے منفرد انداز کی وجہ سے راتوں رات سوشل میڈیا پر شہرت حاصل ہوئی ہے جبکہ صارفین خصوصی چشمے لگائے بغیر دیگر کھلاڑیوں سے مقابلے اور کامیابی پر ان کی خوب پذیرائی کررہے ہیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ اس وقت سوشل میڈیا پر سب سے مقبول شخص ہیں۔ایک سوشل میڈیا اکانٹ نے سوال پوچھا کہ کیا ترکیہ نے اپنے ماہر نشانہ باز قاتل کو اولمپکس میں بھیج دیا ہے؟
ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کیا، لگتا ہے کہ اس شخص نے آج صبح اٹھ کر فیصلہ کیا تھا کہ اسے اولمپکس میں شرکت کرنی ہے۔ایک صارف نے ایک ہاتھ جیب میں ڈال کر نشانہ لگانے پر ان کے اطمینان کی تعریف کی۔

Leave A Reply

Exit mobile version