اسپیکر قومی اسمبلی سرادر ایاز صادق نے تحریک انصاف کے گرفتار اراکین قومی اسمبلی کی پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرزجاری کرنے کیلئے اپوزیشن سے درخواست مانگ لی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گرفتار اراکین کی رہائی کے اقدامات کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد اسپیکر قومی اسمبلی کے طلبی پر اسپیکر چیمبر میں پیش ہوگئے، اسپیکر ایاز صادق نے استفسار کیا کہ بتائیں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے اراکین کو کیوں گرفتار کیا گیا، یہ ناقابل برداشت ہےسارے معاملے کی تفصیلی انکوائری کریں۔
ایاز صادق نے کہا کہ قانون کے مطابق پارلیمنٹ کے باہر سے جس کو مرضی گرفتار کریں، پارلیمنٹ لاجز اور ہاؤس کے اندرسے گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں اسکی کبھی اجازت نہیں دونگا۔ اپنے اراکین کی تضحیک اور تذلیل برداشت نہیں کروں گا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھتا ہوں اور آپ کو تفصیلات فراہم کروں گا، واقعے کی تمام تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کروں گا۔