اتوار, دسمبر 15

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی توشہ خانہ طائف ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 5 مارچ بروز منگل تک ملتوی کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی، توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر، سلمان صفدر، سکندر ذوالقرنین اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس کے علاوہ علیمہ خان، مہرابانو قریشی، زین قریشی، سینیٹر ولید اقبال اور دیگر کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب) کے وکیل نے بتایا کہ اس کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر امجد پرویز ہیں تاہم وہ آج دستیاب نہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر امجد پرویز کے رشتہ دار انتقال کر گئے ہیں۔
جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہم یہ کیس اگلے ہفتے تک رکھیں گے۔
جسٹس عامر فاروق نے نیب کی جانب سے طویل تاریخ دینے کی درخواست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ آپ نے نہیں ہم نے کرنا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ سلمان صفدر صاحب آپ کی اپیلیں سماعت کے لئے مقررہیں۔بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ تحفہ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت منگل تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعرات (29 فروری) تک جواب طلب کیا تھا۔31 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔

Leave A Reply

Exit mobile version