لاہور(نیوزڈیسک) نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔ ہونہار سکالرز شپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان محنتی بچوں کو گارڈ آف آنر ملنا چاہیے، سکالرشپس دینے پر خوشی ہے ، میں ہونہار طلبہ کو اپنا سلام پیش کرتی ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آپ کے مستقبل کے لیے دن رات سوچتی ہوں، آج میں ایک سیاسی رہنما نہیں، بلکہ ایک ماں کے طور پر خطاب کر رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج طلبہ کو صرف سکالرشپس نہیں، بلکہ میرٹ پر محنت کا صلہ مل رہا ہے، پولیس کے دستے نے آج آپ کی محنت کو گارڈ آف آنر پیش کیا ہے، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ہونی بھی چاہیے۔مریم نواز نے یہ بھی یقین دلایا کہ پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، آپ کی تعلیم آپ کے والدین سے زیادہ میری ذمہ داری ہے، 30 ہزار سکالرشپس کے لیے 70 ہزار درخواستیں آئیں، 60 فیصد سکالرشپس طالبات کو مل رہے ہیں، 30 ہزار سکالرشپس میں سے 18 ہزار لڑکیوں اور 12 ہزار لڑکوں کو مل رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں اس لیے طلبہ کے ہاتھ پتھر یا ڈنڈے نہیں دیکھنا چاہتی، ہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔ مریم نواز نے کہا کہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی پہچان نہیں بلکہ پاکستان کی پہچان طلبہ ہیں، یہ چہرہ ڈی چوک پر بیٹھ کر ڈنڈے اور پتھر چلانے کے بجائے کالج و یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا ہی اچھا لگتا ہے، ہم میں سے کوئی نہیں چاہے گا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا تو وہ آپ تک کیوں نہیں پہنچا، اگر وہ پیسہ آپ تک پہنچ جاتا تو کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے، وزیراعلیٰ آفس میں اب ایسی وزیراعلیٰ ہے جو آپ کے مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم ایسا منصوبہ لا رہے ہیں جس میں کروڑ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا تاکہ آپ اپنا کوئی کاروبار کر سکیں اور اپنے والدین پر بوجھ نہ بنیں، قرضہ بلا سود آسان اقساط پر دیا جائے گا اور آپ ذہنی سکون کے ساتھ کام کر سکیں۔

Leave A Reply

Exit mobile version