ٹوکیو: تیسویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی۔
دونوں ٹیموں کا میچ مقررہ وقت میں دو دو گول سے برابر رہا جس کے بعد پینالٹی شوٹس پر میچ کا فیصلہ ہوا۔ جاپان نے پینالٹی شوٹس آوٹس پر پاکستان کو 1-4 سے شکست دی۔
جاپان میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان اور جاپان مدمقابل ہیں۔ عماد شکیل بٹ پاکستانی ہاکی ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں۔
جاپان نے پاکستان کے خلاف فائنل کا پہلا گول کرکے حریف پر سبقت حاصل کی اس سبقت کو ختم کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم کی جانب سے کوششیں جاری رہیں تاہم پہلے کوارٹر کا کھیل ختم ہونے تک یہ برتری ختم نہ ہوسکی اور یہی سلسلہ دوسرے کوارٹر میں بھی برقرار رہا۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے جاپان کی برتری ختم کرتے ہوئے اس پر سبقت حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا فیلڈ گول کھلاڑی احمد اعجاز اور دوسرا گول عبدالرحمان کی جانب سے کیا گیا۔ تیسرے کوارٹر کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان کی جاپان پر دو ایک کی برتری برقرار رہی۔
چوتھے کوارٹر میں جاپانی کھلاڑی کازوماسا نے گول کردیا جس پر دونوں ٹیموں کے دو دو گول ہوگئے۔
واضح رہے کہ یہ تیسواں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہے اور آج کا فائنل اس ایونٹ کا 18 واں میچ ہے۔