پاکستان بار کونسل کے 6 ممبران نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے معاملے پر خط لکھ دیا۔
چیف جسٹس پاکستان کو خط پاکستان بار کونسل کے رکن شفقت محمود چوہان سمیت 6 ممبران کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق امید ہے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری میں سنیارٹی کے اصول کو مدنظر رکھا جائے گا، الجہاد ٹرسٹ کیس میں ججز سنیارٹی کا اصول طے شدہ ہے جس میں فیصلے کو تبدیل نہیں کیاگیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ اگر سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کے عہدے کا اہل نہیں سمجھا جائے گا تو بطور جج ان کے منصب پر سوال اٹھے گا، سینئر ترین جج کے لیے سنیارٹی کے اصول سے انحراف ٹھوس شواہد کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔