وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ مل کر صوبے کا امن وامان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس کے دوران گورنر نے صوبے میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جارہی ہے اور صوبے کے عوام امن وامان کی دن بدن بگڑتی صورتحال سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبہ میں سرکاری ملازمین کے اغوا اور پولیس پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان اور باجوڑ سمیت متعدد اضلاع میں پولیس اہلکار احتجاج کر رہے ہیں
انہوں نے بتایا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنیوالی پولیس خود عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت قیام امن اور عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیر اعظم نے گورنر خیبرپختونخوا سے صوبے کی بگڑتی امن وامان کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا اور فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔